اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان آج کورونا وائرس کے حوالے سے قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے جس میں ملکی سلامتی کے اہم معاملات پر غور کیا جائے گا۔
قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس وفاقی دارالحکومت میں ہوگا جس میں ملک کی سیاسی و عسکری قیادت بشمول مسلح افواج اور قومی انٹیلی جنس ایجنسی (آئی ایس آئی) کے سربراہ جنرل فیض حمید بھی شرکت کریں گے۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے قومی سلامتی کمیٹی اہم فیصلے کرے گی جس کے تحت قومی ہیلتھ ایمرجنسی کا نفاذ بھی عمل میں لایا جاسکتا ہے۔ ملک بھر کے تعلیمی و کاروباری ادارے آج قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلوں کے مطابق عمل کریں گے۔
ہیلتھ ایمرجنسی کے نفاذ کی صورت میں ملک بھر میں تعلیمی ادارے کچھ وقت کے لیے بند کیے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کورونا وائرس کے متعلق آگہی مہم کے آغاز کا فیصلہ بھی متوقع ہے۔
آگہی مہم میں میڈیا کے ذریعے اشتہارات سمیت دیگر آپشنز زیرِ غور آئیں گے جبکہ ہر طرح کے عوامی اجتماعات پر پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے۔ ملک کے سیاسی و سماجی رہنماؤں اور مذہبی علماء کے ذریعے آگہی مہم چلانے کا فیصلہ بھی کیا جائے گا۔
اس دوران پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سمیت کھیلوں کے دیگر مقابلے جاری رہیں گے، تاہم اس دوران عوام کے اجتماعات اور تماشائیوں کی آمدورفت پر پابندی متوقع ہے۔