اسلام آباد: پینڈورا پیپرز کی تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی کوئی آف شور کمپنی نہیں ہے جس کی تصدیق وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی نے بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا ہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی کوئی آف شور کمپنی نہیں، نہ وزیر اعظم آف شور کمپنی بنانے جیسے کام کرتے ہیں اور نہ ہی ایسے کام کرنے والوں کو ان کے دورِ حکومت میں چھوڑا جائے گا۔
معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ زمان پارک میں 2 گھروں کا ایک جیسا پتہ ہے۔ کوئی وزیر یا پی ٹی آئی والا ایسا کام کرنے پر جوابدہ ہوگا۔ بیرونِ ملک کمنپنی رجسٹر کرانے والے شخص کا تعلق وزیر اعظم سے جوڑنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل دنیا بھر کی منی لانڈرنگ، جعلسازی، ٹیکس چوری اور آف شور کمپنیوں میں غیر قانونی سرمایہ کاری سے متعلق تفتیشی رپورٹ پینڈورا پیپرز کی تفصیلات منظرِ عام پر آگئیں جن کا حجم 3 ٹیرابائٹ کے لگ بھگ ہے۔
غیر سیاسی صحافتی تنظیم انٹرنیشنل کنسورشیم آف انوسٹی گیٹو جرنلسٹس کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والی رپورٹ کو 117 ممالک کے 600 صحافیوں نے تحقیقاتی کردار ادا کرتے ہوئے تیار کیا جس کا مقصد منی لانڈرنگ بے نقاب کرنا تھا۔
مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ سے متعلق پینڈورا پیپرز کی تفصیلات سامنے آگئیں