پشاور: وزیرِ اعظم عمران خان نے قبائلی علاقہ جات میں سماجی و اقتصادی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن مدد اور فنڈز مہیا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع مہمند میں اہم سیاسی و سماجی شخصیات سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم نے وزارتِ منصوبہ بندی کو قبائلی اضلاع کی تعمیر و ترقی کیلئے ہدایات جاری کردی ہیں جبکہ قبائلی اضلاع قومی دھارے اور تعمیر وترقی کی دوڑ میں بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
خطاب کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ حکومت قبائلی اضلاع میں ایسی صنعتیں تعمیر کرنا چاہتی ہے جن کے تحت اشیاء تیار کرکے افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کو برآمد کی جاسکیں اور ان سے زرِ مبادلہ حاصل کیا جائے تاکہ قبائلی اضلاع بھی ترقی کرسکیں۔
قبائلی علاقوں کی تعمیرو ترقی پر زور دیتے ہوئے وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہہم بارڈر مارکیٹس کھول رہے ہیں تاکہ مقامی لوگ افغانستان سے تجارت کرسکیں جبکہ دشمن قبائلی علاقوں میں انتشار پھیلا کر پاکستان کو کمزور کرنا چاہتا ہے جس کیلئے فنڈنگ بھی کی جارہی ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ ایسے عناصر کو باہر سے فنڈنگ ہو رہی ہے جو قبائلی اضلاع کے خیبر پختونخوا سے انضمام کے مخالف تھے۔ ہم ایسے نظر انداز کیے گئے علاقوں کی تعمیر وترقی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ موجودہ حکومت معاشرے کے کمزور طبقات کو ترقی کرتے ہوئے دیکھنا چاہتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم سندھ، پنجاب اور بلوچستان میں بھی پسماندہ علاقوں کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں۔ دُعا کرتے ہیں کہ افغان امن عمل اور مذاکرات کا کوئی مثبت حل نکلے۔افغاننستان میں قیامِ امن سے ہمارے قبائلی اضلاع کے عوام کیلئے تعمیر و ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے، جبکہ کچھ عناصر افغانستان میں قیامِ امن کے خلاف ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم عمران خان کا پشاور کا 1 روزہ سرکاری دورہ