اسلام آباد: وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں اگست تک 1 ارب پودے لگانے کا ہدف مقرر کردیا ہے جبکہ 70 کروڑ پودے پہلے ہی لگائے جاچکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم عمران خان نے رواں برس اگست تک 100 کروڑ پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے جبکہ چاروں صوبوں میں شجر کاری مہم کے دوران وزیرِ اعظم عمران خان خود بھی حصہ لیں گے۔
تاحال 70 کروڑ پودے لگائے جاچکے ہیں جبکہ 35 کروڑ مزید پودے رواں ماہ فروری سے لگانا شروع کردئیے جائیں گے اور شجرکاری کا عمل اگست تک جاری رہے گا۔ وزیرِ اعظم ہفتہ وار ہر صوبے میں شجرکاری تقریب میں شرکت کریں گے۔
شجرکاری تقاریب کے انعقاد سے وفاقی حکومت کا مقصد عوام میں پودے لگانے کے حوالے سے شعور اجاگر کرنا ہے۔ معاونِ خصوصی برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے وزیرِ اعظم کا شیڈول تشکیل دے دیا۔
جلد ہی وزیرِ اعظم عمران خان صوبہ سندھ میں مینگروز سے متعلقہ تقریب میں شرکت کریں گے۔ بعد ازاں صوبہ خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں زیتون کی شجرکاری مہم میں بھی حصہ لیں گے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آب و ہوا کی مناسبت سے شجر کاری ہوگی۔ وزیرِ اعظم عمران خان شیڈول کے مطابق ملک کے ہر خطے میں شجر کاری مہم میں شریک ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان نے بلین ٹری ہنی پروگرام کا افتتاح کردیا