وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے قائم کیے گئے آئسولیشن سینٹر کا دورہ کریں گے۔
شہرِ اقتدار میں قائم آئسولیشن سینٹر میں کورونا وائرس کے متاثرہ افراد کو رکھا جاتا ہے۔ پاکستان بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1000 سے زائد ہو گئی ہے۔ اسلام آباد میں 16 افراد وائرس سے متاثر ہوئے جبکہ 1 کی وفات ہوئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں قائم آئسولیشن سینٹر 50 بستروں پر مشتمل ہے، وزیرِ اعظم عمران خان آئسولیشن سینٹر میں مریضوں کو مہیا کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیں گے۔
چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اس موقعے پر وزیرِاعظم عمران خان کو آئسولیشن سینٹر کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل وزیرِ اعظم عمران خان کو آئسولیشن سینٹر میں کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے انتظامات سے آگاہ کرین گے۔ وزیرِ اعظم عمران خان کورونا وائرس سے متاثرہ افراد سے گفتگو بھی کریں گے۔
وزیر اعظم عمران خان آج اسلام آباد میں قائم کردہ 50 بستروں پر مشتمل *کرونا وائرس آئیسولیشن سنٹر* کا دورہ کریں گے۔
چیئرمین NDMA لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل اس موقع پر وزیر اعظم کو بریفنگ بھی دیں گے۔
— Prime Minister's Office (@PakPMO) March 26, 2020
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا وائرس کے اثرات کا اندازہ لگانے کے لئے صورتحال کی روزانہ کی بنیاد پر نگرانی کی جا رہی ہے‘پاکستان میں اگر ملک کو لاک ڈاؤن کیا گیا تو غریب محنت کش طبقہ کیا کرے گا؟
سینئر صحافیوں سے 6 روز قبل گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے قوم پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس وبائی امراض کے خطرے کے خلاف احتیاطی تدابیر کے طور پر معاشرتی دوری کو اپنائیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان لاک ڈاؤن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ وزیر اعظم عمران خان