وزیر اعظم کی زیرصدارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Imran khan IOK meeting
Imran khan IOK meeting

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں مقبوضہ وادی کی تازہ صورتحال اور بھارتی مظالم کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی ڈاکٹر معید یوسف، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید، سیکریٹری خارجہ سہیل محمود سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کشمیریوں کو ان کا حق خودا رادیت ملنے تک غیر متزلزل سیاسی، اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اجلاس میں شرکاء نے آئندہ ماہ 5 فروری کو یوم یکجہتی کشمیر کوبھر پور طریقے سے منانے کا فیصلہ کیا گیا ، شرکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں 15 جنوری کو مسئلہ کشمیر پر غور کا خیرمقدم بھی کیا۔

اجلاس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر پر غور صورتحال کی سنگینی کا عالمی سطح پر اعتراف ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے متشدد بیانات اور جارحانہ اقدامات کے باعث علاقائی امن و استحکام کو خطرہ ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مسئلۂ کشمیر اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر 70 سال سے موجود ہے۔شاہ محمود قریشی

شرکاء نے مقبوضہ کشمیر میں 165 روز سے جاری بھارت کے غیر انسانی لاک ڈاؤن اور 9 لاکھ قابض بھارتی افواج کے ہاتھوںکشمیریوں کی انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کی مذمت کی۔

شرکا نے مزید کہا کہ آر ایس ایس سے متاثر بی جے پی حکومت کی مسلمان اور کشمیر مخالف ہندوتوا کی سوچ خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرناک صورتحال پیدا کرنے کی ذمہ دار ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پراپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہم سیکورٹی کونسل کی جانب سے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر غور کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع معاملہ ہے، اور یہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے،’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کی تدبیر وقت کا اہم تقاضا ہے۔

Related Posts