اسلام آباد: وزیر اعظم پاکستان عمران خان عالمی اقتصادی فورم 2020ء میں متعدد کاروباری و سیاسی شخصیات سے ملاقاتوں کے بعد آج وطن واپس پہنچ گئے ہیں۔
وفاقی دارالحکومت کے ائیرپورٹ پر وزیر اعظم کا شاندار استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے عالمی کاروباری شخصیات اور بین الاقوامی کمپنیوں کے سربراہان کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف توجہ دلائی۔
سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقدہ عالمی اقتصادی فورم کے دوران وزیر اعظم عمران خان کی ملاقات امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت متعدد سیاسی اور کاروباری شخصیات سے ہوئی۔
وزیر اعظم عمران خان نے یو ٹیوب اور فیس بک سمیت متعدد بین الاقوامی کمپنیوں کے حکام اور سربراہان سے ملاقاتیں کیں اور انہیں پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔
ڈیووس میں وزیر اعظم عمران خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی میلانیا ٹرمپ سے بھی ملاقات کی۔ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات کے دوران پاکستانی خواتین کے ملکی معیشت میں کردار اور تعلیم پر گفتگو ہوئی۔
تین روزہ دورۂ ڈیووس کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائن پر سرمایہ کاروں اور عالمی رہنماؤں سے ملاقاتوں میں پاکستان کی سرمایہ کار دوست پالیسیوں پر گفتگو کی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے عالمی اقتصادی فورم کی سائیڈ لائن پر ترک کمپنی دگان ہولڈنگ کی سربراہ نے ملاقات کی جس کے دوران سرمایہ کاری کے حوالے سے تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ترک کمپنی چیئرپرسن کو گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان میں معاشی استحکام کے حوالےسے وفاقی حکومت کی کاوشوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم پاکستان میں سرمایہ کاروں کو سہولیات دے رہے ہیں۔
مزید پڑھیں: عمران خان سے ترک کمپنی دگان ہولڈنگ کی سربراہ کی ملاقات