وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے نواز شریف اور صاحبزادی مریم نواز کو ایک ساتھ رہنے کی اجازت دے دی ہے، مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد اور ان کی بیٹی سروسز ہسپتال میں ساتھ رہیں گے۔
پنجاب حکومت کو وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت سے آگاہ کردیا گیا ہے جس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد کی دیکھ بھال کے لیے ہسپتال میں ان کے ساتھ رہ سکیں گی۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ اس حوالےسے وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت کے مطابق قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے جبکہ مریم نواز کو اپنے والد کے پاس ہونا چاہئے جس کے لیے انہیں سروسز ہسپتال میں پہنچایا جائے گا۔
مریم نواز کو سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے سامنے والا کمرہ دیا جاسکتا ہے جبکہ حکومت کی طرف سے ہدایت ہے کہ مسلم لیگ (ن) رہنماؤں کو ایک ہی وارڈ میں کمرہ دیا جائے تاکہ انہیں کوئی پریشانی نہ ہو۔
گورنر چوہدری سرور کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب حکومت کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ مریم نواز کو ہسپتال میں اپنے والد سے ملاقات کی اجازت ہونی چاہئے۔
وزیر اعظم عمران خان نے ہدایت کی ہے کہ قانون کے دائرے میں رہ کر جتنا وقت دیا جاسکتا ہے، دونوں ن لیگ رہنماؤں کو دیا جائے جبکہ ہماری نیک خواہشات ان کے ساتھ ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم ،پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی 46ویں سالگرہ28اکتوبر کو منائی جائے گی۔
اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کے زیر اہتمام ملک بھر میں تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا جس میں کارکن سالگرہ کے کیک کاٹیں گے۔
مزید پڑھیں: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز کی 46ویں سالگرہ28اکتوبر کو منائی جائے گی