وزیر اعظم نے بیرسٹر خالد خورشید کو وزیراعلیٰ گلگت بلتستان بنانے کی منظوری دیدی

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گلگت: پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ ووزیر اعظم عمران خان نے بیرسٹر خالد خورشید کو گلگت بلتستان کا وزیراعلیٰ مقرر کرنے کو منظوری دیدی ہے۔

چیف آرگنائزر سیف اللہ نیازی نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کیلئے خالد خورشید کا نام فائنل کرلیاگیا ہے، وزیراعظم عمران خان نے خالد خورشید کا نام وزیراعلٰی گلگت بلتستان کیلئے فائنل کیا، خالد خورشید ضلع استور سے رکن گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ خالد خورشید نے 2018 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی، وزیراعلیٰ کے امیدوار کیلئے خالد خورشید اور فتح اللہ میں مقابلہ تھا، وزیراعظم نے مرکزی اورگلگت بلتستان قیادت سے خالد خورشید کی نامزدگی کیلئے مشاورت کے بعد نام فائنل کیا۔

اس سے قبل یہ خبریں سامنے آ رہی تھیں کہ گلگت بلتستان میں وزیر اعلیٰ کے انتخاب کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا ہے اور تحریک انصاف کے ارکان اسمبلی اپنی جماعت کے کسی ایک امیدوار پر متفق نظر نہیں آرہے۔

گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے اسپیکر نے آج اجلاس طلب کیا تھا جو ملتوی کردیاگیا۔ اسپیکر نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے لیے 30 نومبر کو دوبارہ اجلاس طلب کیا ہے۔

صورتحال پر نظر ڈالی جائے تو پارٹی پوزیشن کے مطابق 21 ممبران کا تعلق پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) سے ہے جب کہ اسمبلی میں 1 خاتون اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت 4 ارکان کے ساتھ پیپلزپارٹی دوسری بڑی جماعت ہے۔

پی ٹی آئی کی اتحادی میں شامل جماعت مجلس وحدت المسلمین کی 1جنرل نشست ہے جب کہ پی ٹی آئی سے معاہدے کے تحت ملنے والی خواتین کی 1 مخصوص نشست اور 1 ٹیکنوکریٹ سمیت اس کی نشستوں کی تعداد 3 ہے۔