اسلام آباد: رواں ماہ کے آخری ہفتے میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کے پیش نظر وزیراعظم محمد شہباز شریف نے اتوار کو متعلقہ وزارتوں اور محکموں کو ہدایت کی کہ وہ صوبوں اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ کریں۔
وزیراعظم نے مون سون کی موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی پر غور کرتے ہوئے صوبوں کے ساتھ مل کر جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں، نشیبی علاقوں اور بارش کے دوران متاثر ہونے والے علاقوں میں انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے زرعی علاقوں میں فصلوں اور جانوروں کے تحفظ کے لیے ضروری آلات کی بروقت فراہمی اور دیگر ضروری اقدامات کے لیے بھی کہا۔
وزیر اعظم نے مزید کہا کہ متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں کو پہلے سے خبردار کیا جائے اور محفوظ علاقوں میں منتقل کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ دیگر اقدامات جیسے نکاسی آب، نالوں اور واٹر چینلز کی ڈریجنگ اور فیومیگیشن بھی اٹھائے جانے چاہئیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے محکمہ موسمیات (پی ایم ڈی) نے ایک بیان میں پیش گوئی کی ہے کہ ملک میں آئندہ مون سون سیزن کے دوران ”اوسط سے زیادہ بارش” ہونے کی توقع ہے۔
مزید پڑھیں:ملک میں گرمی کی لہر، سیاحوں نے آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں کا رخ کر لیا