اسلام آباد: پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار پلاسٹک کو ری سائیکل کرنے والی مشین اسلام آباد میں نصب کر دی گئی ہے۔ مشین سیکٹر ایف 7 کی گول مارکیٹ میں ںصب کی گئی ہے جس میں پلاسٹک کی خالی بوتل ڈالنے پر 100 روپے کا کوپن ملتا ہے جسے اسلام آباد اور راولپنڈی میں کے ایف سی کی کسی بھی برانچ پر دکھانے پر 100 روپے کا ڈسکاؤنٹ ملے گا۔
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے ماحولیات ملک امین اسلم نے گذشتہ روز اپنی طرز کے پہلے منصوبے کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ یہ منصوبہ پائلٹ پراجیکٹ ہے، ہم اس کی کامیابی پر نجی شعبہ کی مدد سے ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی اسی طرح کی مشینیں نصب کریں گے تاکہ پلاسٹک پلوشن کو کم کیا جا سکے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان کو اس طرح کی مشین کی ایک ویڈیو موصول ہوئی جو سنگاپور میں نصب تھی جس میں لوگ خالی بوتل ڈال کر کوپن حاصل کر رہے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے یہ ویڈیو مجھے بھیجی اور اس منصوبے کو شروع کرنے کی ہدایات جاری کیں جس پر میں نے اس مشین کی تنصیب کے لیے نجی شعبہ کی کمپنی سے رابطہ کیا جس نے اس مشین کو اسلام آباد کے سیکٹر ایف سیون میں نصب کر دیا ہے۔
اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ماحولیات کا کہنا تھا کہ کہ ہم نے ماہانہ دس ہزار ٹن پلاسٹک ری سائیکل کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے، اگر ہم نے یہ ہدف پورا کر لیا اور لوگوں کی اس میں میں دلچسپی رہی تو اسی طرح کی مشینیں ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی نصب کی جائیں گی۔ اس موقع پر مشین پر تعینات عملے نے ڈیمو کر کے دکھایا کہ کس طرح بوتل مشین میں ڈال کر کوپن حاصل کیا جا سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : نیب نے ملک کو مفلوج کردیا ہے، سیاست کا کھیل بندہونا چاہیے، شاہد خاقان عباسی