راولپنڈی: متحدہ عرب امارات کی طرف سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں معاونت کے لئے ایک خصوصی طیارہ 14 میٹرک ٹن طبی اور کھانے کی اشیاء لے کر پاکستان پہنچ گیا ہے۔
طبی امداد اور اشیائے خوردونوش لیکرایک خصوصی طیارہ منگل کی شب اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا۔ یہ امداد کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کے لئے کام طبی شعبے سے وابستہ افراد کی مدد کرے گی ۔
امدادی فراہمی کے حوالے سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزبی کاکہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کو فخر ہے کہ وہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں بین الاقوامی یکجہتی کے فروغ میں پاکستان کو مدد فراہم کررہا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ دوطرفہ تعاون کے طور پر پاکستان نے دونوں ممالک کے مابین کئی دہائیوں سے برادرانہ تعلقات کو مضبوط بنایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس امداد کے ذریعہ ہم پاکستان اور دنیا بھر میں ڈاکٹروں اور فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز کی مدد کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو اس بحران کو ختم کرنے کے لئے انتھک محنت کر رہے ہیں۔
سفیر نے یقین دلایا کہ کورونا کے بحران سے لڑنے کے لئے دونوں برادر ممالک کا روایتی تعاون جاری رہے گااورمتحدہ عرب امارات مزید امداد فراہم کرے گا ۔
انہوں نے کہا کہ دونوں برادر ممالک مہلک بیماری کے خلاف لڑائی میں اپنے تجربات کا تبادلہ کرتے رہیں گے۔
مزید پڑھیں: پاک فوج کورونا کے متاثرین کیلئے امدادی پیکٹس تقسیم کر رہی ہے۔آئی ایس پی آر