کراچی: قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے ملازمین کو حاصل طبی سہولیات کو مبینہ طور پر اخراجات میں کمی (کاسٹ کٹنگ) کے نام پر ختم کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کاسٹ کٹنگ کے نام پرطبی سہولیات منقطع کرنے کے لئے میڈیکل کے نام پرکروڑوں کی مبینہ ماہانہ کرپشن جوازکے طورپرپیش کیا جائے گا۔ اخراجات کم کرنے کے نام پر ملازمین کی طبی سہولیات ختم کردی جائیں گی۔
پی آئی اے ملازمین کو طبی سہولیات کی بجائے سرکاری صحت کارڈ جاری کرنے کا پلان تیار کر لیا گیا جبکہ موجودہ صورتحال کے مطابق ملازمین، ان کے اہل خانہ، والدین اور مطلقہ یا بیوہ بیٹیوں کو میڈیکل سہولیات دستیا ب ہیں۔
مبینہ پلان کے تحت اسپتال، لیبارٹریزاور فارمیسی سے ملازمین کو سہولیات کی فراہمی بند کردی جائے گی۔ پینل اسپتالوں اورلیبارٹریزسے اوپی ڈی، اسپیشلسٹ کلینک اور اسپتال داخلے کی سہولت بھی ختم کردی جائے گی۔
پی آئی اے ملازمین کو 18سال سے 60 سال تک کے لئے 1 سے 4 ہزارروپے ماہانہ طبی الاؤنس دینے کا پلان ہے۔ او پی ڈی اخراجات، ماہانہ تنخواہ اورمبینہ طور پر پنشن کے ساتھ ادائیگی کی جائے گی۔
طبی سہولیات کے خاتمے سے متعلق پلان کی منظوری وزیراعظم سے حاصل کی جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ طبی سہلویات کا خاتمہ ائیر لائن کیلئے منظورکردہ نئے ایکٹ سے بھی مبینہ طورپرمطابقت نہیں رکھتا۔
باوثوق ذرائع کے مطابق پی آئی اے کے منظور کردہ نئے ایکٹ کے تحت ملازمین کو دی گئی سہولیات برقراررکھی جائیں گی۔ ایکٹ کے تحت ریٹائرڈ ملازمین کی سہولیات بھی برقراررکھی گئی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تنخواہوں میں عدم اضافے سے ملازمین کی میڈیکل سہولیات کا خاتمہ مالی مشکلات کا باعث بن سکتا ہے جس سے متعلقہ شعبے کے درجنوں ملازمین کے روزگار کو بھی خطرات لاحق ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے انتظامیہ کا ایئرلائن کی تنظیم نو کا پلان تیار