کسٹم حکام نے موبائل فون اسمگل کرنے کے الزام میں 2 خواتین سمیت قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے 5 فضائی میزبان گرفتار کرلیے ہیں۔ آپریشن خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا۔
نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے درجنوں موبائل فون برآمد کرکے ضبط کرلیے گئے ہیں۔ پی آئی اے کی پرواز دبئی سے ملتان جارہی تھی جب 5 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور ان کے قبضے سے 78قیمتی موبائل فون برآمد کرلیے گئے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ائیر ہوسٹس نشاط، صدف ناصر، فلائٹ اسٹیورڈ خالد اور عمران کے ساتھ ساتھ سینئر پرسن پی آئی اے فیصل پرویز بھی گرفتار ملزمان میں شامل ہیں۔ دو ائیر ہوسٹسز کے قبضے سے برآمد کیے گئے فونز کی تعداد 24 ہے۔
دونوں ائیر ہوسٹسز سے تفتیش کی گئی جن کی نشاندہی پر 3 مرد فضائی میزبان ہوٹل سے واپس بلا کر مزید 54 فون بھی برآمد کرلیے گئے۔ کسٹمز کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔
فضائی میزبانوں کے قبضے سے موبائل فون برآمد ہونے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔ گزشتہ برس اکتوبر میں بھی قومی ائیر لائن کا ایک فضائی میزبان مہنگے موبائل فون اسمگل کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔ ملزم فیصل مجید کو اکتوبر میں اسلام آباد ائیرپورٹ پر گرفتار کیا گیا۔