اسلام آباد: پی آئی اے 22 اپریل سے سڈنی کے لیے براہ راست پروازوں کا آغاز کرے گی، آسٹریلیا کے آٹھ مقامات کے لیے ورجن آسٹریلیا ایئر لائن کے ساتھ انٹر لائن ٹکٹ کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے نے 22 اپریل 2022 سے پاکستان سے سڈنی کے لیے براہ راست فلائٹ آپریشن شروع کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔
پروازیں ابتدائی طور پر جمعہ کو لاہور سے سڈنی اور اتوار کو سڈنی سے لاہور چلائی جائیں گی۔پی آئی اے کے مسافروں کو سڈنی کے علاوہ آسٹریلیا کے مزید شہروں تک پہنچانے کے لئے ورجن آسٹریلیا ایئر لائن کے ساتھ انٹر لائن ٹکٹ کی سہولت کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
انٹر لائن معاہدے سے سڈنی کے لئے پی آئی اے کی براہ راست پروازوں کے ساتھ آسٹریلیا میں مزید آٹھ مقامات کو بھی پی آئی اے کے مسافروں کے لئے قابل رسائی بنایا گیا ہے۔
انٹر لائن معاہدے سے پی آئی اے کے مسافر سڈنی کے علاوہ ورجن آسٹریلیا ائر لائن کی پروازوں پر ایڈیلیڈ، برسبین، کینبرا، بالینا بائرن، ہوبارٹ، کیرنز اور پرتھ کے لئے بکنگ کر سکیں گے۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک نے نیٹ ورک کی توسیع پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مارکیٹنگ اور فرنٹ لائن ٹیموں کو مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
مزید پڑھیں: اسٹاک مارکیٹ میں 324 پوائنٹس کی کمی کا سامنا