قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے وزن کم کرنے کو اولین ترجیح قرار دیتے ہوئے فضائی میزبانوں کو کام کرنے سے روک دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق زیادہ وزن کے باعث قومی ائیر لائن نے متعدد مردوخواتین فضائی میزبانوں کو گراؤنڈ کردیا۔ ائیر ہوسٹس کی ذمہ داری سرانجام دینے والی خواتین اور مرد حضرات وزن میں زیادتی کے باعث جولائی کے ڈیوتی روسٹر میں بھی شامل نہ ہوسکے۔
باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ زیادہ وزن کے باعث جن فضائی میزبانوں کو کام سے روک دیا گیا، ان کی تعداد کم و بیش 140 ہے جن کی ترقیاں بھی روک دی گئی ہیں۔ کورونا کے تناظر میں امیون سسٹم بہتر کرنے کیلئے فضائی میزبان ڈائٹنگ کا سہارا نہیں لے سکتے۔
اس حوالے سے ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ مسلسل شکایت پر پی آئی اے کے 85 فضائی میزبانوں کو کام سے روکا گیا۔ فربہ خواتین اور توند کے حامل فضائی میزبانوں کو پہلے بھی متعدد مرتبہ وارننگ دی گئی، جس کا فائدہ نہ ہونے پر یہ اقدام اٹھایا گیا۔
یاد رہے کہ قومی ائیر لائن میں اصلاحات کا عمل جاری ہے۔ قبل ازیں پی آئی اے نے کم ایندھن خرچ کرنے والے 4 جدید ایئر بس 320 طیارے خریدنے کا فیصلہ کرلیا۔
پی آئی اے نے 4 روز قبل یہ فیصلہ کیا کہ نیرو باڈی کے 4 نئے جہاز 6سالہ ڈرائی لیز پر حاصل کیے جائیں گے، 4 نئے طیارے آنے کے بعد پی آئی اے کے طیاروں کی تعداد 34 ہوجائے گی۔
مزید پڑھیں: پی آئی اے کا کم ایندھن خرچ کرنے والے 4جدید طیارے خریدنے کا فیصلہ