کراچی: ڈی ایچ اے میں مبینہ طور پر ایک معروف کاروباری شخصیت کے پالتو کتوں نے راہگیر کو کاٹ کاٹ کر زخمی کردیا ہے جسے فوری طبی امداد بھی مہیا نہ کی جاسکی۔
اس حوالے سے سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ پالتو کتوں نے عمر رسیدہ راہگیر کو بھنبھوڑ کر زخمی کردیا تاہم کتوں کے مالکان واقعے کے بعد اپنے پالتو جانوروں کو گھر لے گئے اور اپنا گیٹ بھی بند کردیا۔زخمی راہگیر کی کوئی مدد نہیں کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: سگ گزیدگی سے متاثرہ لوگ رابطہ کریں، ان کا کیس لڑیں گے، حلیم عادل شیخ
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر وائرل کی گئی ویڈیو میں نظر آنے والی ٹائم اسٹیمپ کے مطابق یہ واقعہ آج سے 5 روز قبل 16 جون کو صبح 6 بج کر 48 منٹ پر پیش آیا۔ کتوں نے قریب سے گزرنے والے راہگیر پر اچانک حملہ کردیا۔
سوشل میڈیا صارفین کے مطابق کراچی کے ایک نامور وکیل اور ان کے بیٹے نے کتوں کے مالک پر اقدامِ قتل کا مقدمہ درج کرا دیا ہے جس نے دونوں وکلاء سے معاملے کو رفع دفع کرنے کیلئے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا ہے۔
کتوں کے مالک نے زخمی راہگیر کی سرجری اور ہسپتال میں علاج معالجے کے تمام اخراجات بھی خود برداشت کرنے کا وعدہ کیا ہے جبکہ بعض سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کتے کلپرز کے مالک ہمایوں خان کی ملکیت ہیں۔
You shouldn’t get a dog if you can’t handle him. Scene from DHA phase 6 Karachi where two pet dogs are seen attacking a random passerby. pic.twitter.com/RDYYYDaX0A
— Main Abdul Majid Hoon (@ComicsByMajid) June 21, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل کراچی میں آوارہ کتوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی جس کے باعث ہزاروں شہری سگ گزیدگی کا شکار ہوئے اور درجنوں جان کی بازی ہار گئے۔
شہر قائد میں آوارہ کتوں کی تعداد وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ بڑھ رہی ہے، متعلقہ ادارے کتوں کی تعداد کم کرنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ سگ گزیدگی کے واقعات میں ہر سال اضافہ ہونے لگا جس کے باعث کئی افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
مزید پڑھیں: کراچی، کتوں کی تعداد 4 لاکھ سے تجاوز کر گئی، شہری سگ گزیدگی کا شکار