کراچی:کورونا وائرس ایک آزمائش ہے،عوام صبر اوراستقامت سے کام لیتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
کورونا وائرس کے خلاف جاری جنگ میں ضلع وسطی کے مکین بلدیہ وسطی کے عملے سے تعاون کریں اور ہر ممکنہ تدبیر اختیار کرتے ہوئے اپنی اور اپنے گھر والوں کی حفاظت کو ممکن بنائیں۔
اس سنگین صورتحال میں بلدیہ وسطی کا ریسکیو اور پارک کا عملہ ضلع وسطی کے مکینوں کو اس وائرس سے بچاؤ کے لئے اپنی بھر پور کوششیں کررہا ہے۔
ان خیالات کا اظہار چیئرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی نے پاور ہاؤس چورنگی تا 2 منٹ چورنگی کے درمیانی رہائشی علاقوں میں ریسکیو عملے کی جانب سے کئے جانے والے جراثیم کُش اسپرے کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرپارلیمانی لیڈر بلدیہ وسطی صابر شیخ،یونین کمیٹی 26 کے وائس چیئرمین عارف شاہ،ڈائریکٹر پارکس ندیم حنیف،ڈائریکٹر ریسکیو داور عباس و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے۔
چیئرمین بلدیہ وسطی محمد ریحان ہاشمی کہا کہ بلدیہ وسطی نے کرونا وائرس سے بچاؤ اور اس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ضلع وسطی میں ہنگامی بنیادوں پر جراثیم کُش اسپرے کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔
اس سلسلے میں بلدیہ وسطی کے ریسکیو اور پارک کے عملے نے لیاقت آباد،قاسم آباد،پہاڑ گنج یونین کمیٹی نمبر 20،اور پاور ہاؤس چورنگی تا 2 منٹ چورنگی اور نیو کراچی کے مختلف علاقوں میں جراثیم کُش اسپرے کے ساتھ ساتھ عوام کو احتیاطی تدابیر کے ہینڈ بل،ماسک تقسیم کئے۔
موجودہ صورتحال میں عوام کے درمیان سماجی فاصلے کو ممکن بنانے کے لئے عوامی مقامات پر سماجی فاصلوں کو نشاندہی کے لئے نشانات پینٹ کئے۔