اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کے لیے بہت بڑی لنعت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ہم تو حکومت کو برداشت کرلیں گے لیکن عوام حکومت کو 5 سال برداشت نہیں کرسکتے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کی رہنما کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کسی اور کو نہیں بلکہ خود کو این آر او دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے موجودہ ایم این ایز اور ایم پی ایز اگلا الیکشن پارٹی ٹکٹ سے نہیں لڑسکتے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ حکومت نے کشمیر پہلے ہی بھارت کی جھولی میں پھینک دیا، ہم چاہتے ہیں کہ اس لعنت کا ہمیشہ کے لیے خاتمہ ہو۔ رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر جائیں گے عوام کے ساتھ مل کر الیکشن مہم چلائیں گے۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے جاوید لطیف کی سزا پر موقف دیتے ہوئے کہا کہ جاوید لطیف اتنے محب وطن ہیں جتنے ہم سب ہیں، ہم چاہتے ہیں جتنی جلدی جاوید لطیف کو انصاف ملے اتنا اچھا ہے۔رياست اپنے شہريوں کا تحفظ کرتی ہے، حق گوئی پر جعلی سزائيں نہيں دي جاتيں۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کورونا کی موجودہ لہر کو روکنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ مریم نواز نے کا کہنا تھا کہ حکومتی وزراء نے بچوں کے امتحانات لینے کے فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسلام آباد میں دوستی کی آڑ میں اغواء کے واقعہ کا مقدمہ درج، تفتیش شروع