کراچی: سندھ ہائی کورٹ کے حکم پر چیف سیکریٹری سندھ نے پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاؤن رضوان خان خان کو عہدے پر بحال کر دیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاون کے عہدے پر محمد رضوان خان کو بحال کر دیا گیا جبکہ 4 ماہ قبل رضوان خان کو غیر قانونی حکم نامے کے ذریعے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز مینجمنٹ جمیل فاروقی نے ہٹا کر شارق الیاس کو پروجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی تعینات کر دیا تھا.
ایم ایم نیوز ٹی وی نے اپنی خبر میں رضوان خان کو ہٹائے جانے کے حکم نامے کو غیر قانونی قرار دیا جسے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے نے سچ ثابت کردیا۔رضوان خان نے مذکورہ عہدے سے جبری ہٹائے جانے پر پیٹیشن نمبر ڈی 4310 فائل کی تھی، جس پر جسٹس ندیم اختر پر مشتمل 2 رکنی بنچ نے 21اکتوبر تک رضوان خان کو بحال کرنے کا حکم جاری کیا۔
کے ایم سی سروس گریڈ 19کے افسر رضوان خان کو دوبارہ پراجیکٹ ڈائریکٹر اورنگی ٹاون مقرر کیا گیا ہے۔یاد رہےکہ4 ماہ قبل کے ایم سی کے محکمہ ایچ آر ایم نے رضوان خان کو ہٹا کر گریڈ 19کے شارق الیاس کو تعینات کیا تھا جنہیں اب عدالتی حکم پر ہٹا دیا گیا ہے۔
چیف سیکریٹری سندھ نے رضوان خان کو عہدے سے ہٹائے جانے کے 4 ماہ بعد دوبارہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ۔عدالتی احکامات پر بلدیہ اعظمیٰ کراچی کے سینئر ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز جمیل فاروقی نے ذاتی مخاصمت کی بنیادپر رضوان خان کی بحالی کا حکم نامہ جاری نہیں کیا۔
پراجیکٹ ڈائریکٹر رضوان خان نے وزیرِ اعلیٰ سندھ اور چیف سیکریٹری سندھ سے بحالی کی اپیل کی جس پر چیف سیکریٹری نے نوٹس لیتے ہوئے رضوان خان کی بحالی کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔ جمیل فاروقی کی اپنی ملازمت مشکوک ہے اورکرپشن کے الزام میں ملازمت سے برطرفی کے بعد بیرون ملک 4 سال گزارنے کے بعد واپس آکر دوبارہ سیاسی بنیاد پر بحال ہو گئے تھے۔
جمیل فاروقی مبینہ طور پر بیرون ملک رہنے کے دورانیہ کی تنخواہ بھی غیر قانونی طور پر وصول کر چکے ہیں۔ سابق میئر کراچی کے چہیتے افسر کو سابق ایڈمنسٹریٹر بھی اسی لیے پسند کرتے تھے کیوںکہ وہ اپنے اعلیٰ افسران کو خوش کرنے کا ہنر جانتے ہیں، جبکہ ملازمین کو مسلسل ذہنی دباؤ میں رکھتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایڈمنسٹریٹر لئیق احمد کے ایم سی کی ساکھ بحال کرائیں گے، جاوید رحیم