اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 2020 کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کردیا ہے۔ افتتاحی میچ میں رچرڈ ایلنگ ورتھ اور فیصل خان آفریدی امپائرنگ کی ذمہ داریاں ادا کریں گے۔
34 میچز پر مشتمل ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔سری لنکا کے روشن ماہانامہ ایونٹ کے افتتاحی میچ کے ریفری جبکہ آصف یعقوب تھرڈ اور سید امتیاز اقبال فورتھ امپائر ہوں گے۔
رچرڈ ایلنگ ورتھ سمیت 3 غیر ملکی امپائرز 4 مختلف شہروں کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں شیڈول 34 روزہ ایونٹ میں امپائرنگ کریں گے۔ سری لنکا کے رینمور مارٹینیز ایونٹ کے تیسرے میچ میں امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔
لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ابتدائی طور پر 9 میچوں کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل کے امپائرنگ پینل کا حصہ بننے والے مائیکل گف 6 مارچ کو کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ سے ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز کریں گے۔
مزید پڑھیں:فاسٹ بائولر نسیم شاہ نے بنگلہ دیشی بلے بازوں کو تگنی کا ناچ نچادیا، شاندار ہیٹ ٹرک