اسلام آباد: مسافروں کی سہولیات کے لیے وفاقی دارالحکومت کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر ’سیلف چیک اِن‘ مشینیں نصب کردی گئی ہیں۔
قومی فضائی کمپنی کے اشتراک سے پی آئی اے کاؤنٹرز پر نصب 2 مشینوں کے ذریعے بغیر سامان والے مسافر بغیر قطار میں لگے مطلوبہ معلومات فیڈ کرکے چیک اِن بورڈنگ کا مرحلہ مکمل کرسکیں گے۔جدید نظام نصب کیے جانے سے اندرون ملک بغیر سامان کے سفر کرنے والے مسافروں کو تیز ترین چیک اِن کی سہولت دستیاب ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اندرون ملک پرواز کی سہولت دینے والی دیگر ائرلائنز بھی بغیر سامان والے مسافروں کو اس سہولت کے استعمال کی ترغیب دے سکتی ہیں۔
سیلف چیک اِن مشینوں کے نصب کیے جانے سے مسافروں کا قیمتی وقت بچے گا جب کہ ائرپورٹ کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔
مزید پڑھیں:پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، ٹرانسپورٹرز نے بھی کرائے بڑھادیے
سول ایوی ایشن حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سیلف چیک اِن کیوسکس کی سہولت سے ایسے مسافر جو سامان کے بغیر سفر کرتے ہیں، وہ قطار میں لگ کر انتظار کے بجائے ائرپورٹ لاونج میں پہنچتے ہی اپنا ڈیٹا چیک ان کیوسکس میں فیڈ کرکے بورڈنگ پاس حاصل کر سکیں گے۔ اس نظام سے ائرلائن کاؤنٹرز پر قطار کا سلسلہ کم کرنے میں مدد ملے گی۔