کراچی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں میں پٹرول بحران کا خدشہ ہے جبکہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے ہڑتال کرتے ہوئے فیول اسٹیشنز کو سپلائی بند کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے روات کے قریب آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن نے سینکڑوں آئل ٹینکرز کو کھڑا کردیا ہے۔ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن کا کہنا ہےکہ راولپنڈی میں رات 10 بجے سے قبل ہمار داخلہ بند کردیا گیا ہے۔ راولپنڈی اسلام آباد اور آزاد کشمیر میں پٹرول بحران کا خدشہ ہے۔
قبل ازیں کراچی میں نجی آئل مارکیٹنگ کمپنی نے پیشگی ادائیگی کے بغیر ڈیلرز کو پٹرول کی فراہمی بند کردی جس سے شہر بھر میں بڑے پیمانے پر پٹرول بحران کا خدشہ ہے۔ مذکورہ کمپنی اِس سے پہلے ڈیلرز کو 1 دن کے اُدھار پر پٹرولیم مصنوعات فراہم کرتی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 2 روز قبل مذکورہ کمپنی نے ڈیلرز سے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی خریداری سے قبل ایڈوانس رقم ادا کریں جبکہ ڈیلر حضرات کے مطابق یہ شرط ناجائز ہے جس کے نتیجے میں شہر بھر میں پٹرول کی فراہمی متاثر ہوسکتی ہے۔
ڈیلرز کا کہنا ہے کہ کمپنی کی طرف سے ایسی شرط عائد کیے جانے کے بعد عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی فراہمی جاری رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔ ڈیلرز نے اس ضمن میں اوگرا سے مداخلت کی اپیل بھی کی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان بھر میں پٹرول کی مصنوعی قلت کے ذریعے پٹرول بحران پر بنائے گئے کمیشن نے تحقیقاتی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق سیکریٹری پٹرولیم اور ڈی جی آئل پٹرول بحران کے ذمہ دار قرار دئیے گئے۔
پٹرولیم بحران تحقیقاتی کمیشن نے گزشتہ روز رپورٹ میں کہا کہ ڈی جی آئل نے پٹرول کا کوٹہ غیر قانونی طور پر مختص کیا، سیکریٹری پٹرولیم کا پٹرول بحران میں کردار نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، دونوں افسران کے خلاف کارروائی کی جائے۔
مزید پڑھیں: پٹرول کمیشن کی رپورٹ جاری، سیکریٹری پٹرولیم اور ڈی جی آئل ذمہ دار قرار