اسلام آباد: شارٹ سرکٹ کی فنی خرابی کے باعث پارلیمنٹ ہاؤس کے تمام دفاتر کو 3 روزکیلئے بند کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے آج ہونے والا سینیٹ اجلاس 26 جنوری تک مؤخر کرنے کی ہدایت کی۔ رات گئے ہونے والے سینیٹ قائمہ کمیٹیوں کے اجلاس بھی منسوخ کردئیے گئے۔
بجلی کا بریک ڈاؤن، وزارتِ توانائی کا بیان سامنے آگیا
دفاتر کی بندش کے متعلق پارلیمنٹ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ چند مقامات پر برقی چنگاریاں پھیلیں جس سے کچھ تاروں کو نقصان پہنچا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس اور سیکرٹریٹ کے تمام عملے کو جمعرات تک گھر سے کام کرنا ہوگا۔
جمعرات تک پارلیمنٹ ہاؤس بند رہے گا جبکہ متعلقہ عملے کو اس دوران تمام تر وائرنگ اور تنصیبات تفصیلی معائنہ اور مرمت کرکے درست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، تاہم شارٹ سرکٹ سے کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں۔
سیکرٹریٹ آف سینیٹ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے واقعے کا نوٹس لے لیا اور احتیاطی تدابیر فوری اختیار کرنے کا حکم دیا۔
کسی بھی قسم کے نقصان سے بچاؤ کیلئے دفاتر کو چیک کیا جائے گا۔ سینیٹ سیکرٹریٹ کا کہنا ہے کہ متعلقہ سیکرٹریز مسئلے کے حل کیلئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔