کراچی میں والدین نے جڑواں بچوں کی پیدائش کا دعویٰ کرتے ہوئے جناح ہسپتال انتظامیہ پر ایک بچہ غائب کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جناح ہسپتال کراچی میں ایک بچے نے جنم لیا جس کے بعد والدین نے کہا کہ ہمارے جڑواں بچے پیدا ہونے تھے، ہسپتال نے ہمیں ایک بچہ تھما دیا ہے۔
والدین کے دعوے پر اپنے بیان میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر جناح ہسپتال ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ والدین نے ایک نجی مقام سے الٹرا ساؤنڈ کروایا جبکہ ماں کے 2 ایکسریز میں سے 1 میں 2 بچے ظاہر کیے گئے۔
ڈاکٹر سیمی جمالی نے کہا کہ دوسرے ایکسرے میں 1 بچہ ظاہر کیا گیا۔ پھر بھی معاملے کی مزید تحقیقات کیلئے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ والدین کو 18 فروری کو کمیٹی میں بلایا گیا ہے۔ گائنی ڈپارٹمنٹ کے سربراہ بھی ایک ہی بچے کی ولادت کا بتا رہے ہیں۔
دوسری جانب کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ آنے کے بعد ہی اس معاملے پر کوئی کارروائی عمل میں لائی جاسکتی ہے اور مقدمہ بھی اسی صورت میں درج کیا جائے گا جب 2 بچوں کی ولادت ثابت ہوجائے۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرک چھین کرفرارہونے والا ڈکیت گروہ گرفتار، 50 لاکھ کا دھاگہ برآمد