اسلام آباد: افغانستان کو پاکستان کی فاضل تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پاکستان بیورو برائے شماریات اور اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جولائی سے دسمبر تک کی مدت میں افغانستان کو 251.580 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 4.60 فیصد زیادہ ہیں۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں افغانستان کو 240.50 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔
کرپٹو کرنسی میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھانے کیلئے ترکیہ کا اہم اقدام
اعداد و شمار کے مطابق دسمبر میں افغانستان کو برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 15.71 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔ دسمبر 2022ء میں افغانستان کو برآمدات کا حجم 38.29 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 33.09 ملین ڈالر تھا۔ نومبر کے مقابلہ میں دسمبر میں افغانستان کو پاکستانی برآمدات میں ماہانہ بنیادوں پر 2.77 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی۔
نومبر میں افغانستان کو 37.26 ملین ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ اس کے برعکس جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں افغانستان سے درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 85.33 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی۔ جاری مالی سال کے پہلے 6 ماہ میں افغانستان سے 13.25 ملین ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 90.43 ملین ڈالر تھیں۔