آسٹریلیا کے خلاف سیریز کے دوسرے، آخری اور فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے دوران پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر سوالیہ نشان لگ چکا ہے جبکہ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم میزبانوں کے 589 رنز کے جواب میں 302 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
ٹیسٹ کرکٹ کے اصولوں کے تحت پاکستانی ٹیم کو فالو آن پر مجبور ہونا پڑا یعنی آسٹریلیا کے خلاف ایک بار پھر بیٹنگ کرنی پڑ گئی ہے جبکہ اس سے قبل 97 رنز بنانے والے بابر اعظم نروس نائنٹیز کا شکار ہو گئے۔
پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم 97 کے اسکور پر مچل اسٹارک کی لائن سے باہر جاتی گیند کو چھیڑ کر وکٹ کے پیچھے کیچ دے بیٹھے جس کے بعد پاکستانی ٹیم کی مشکلات دو چند ہو گئیں۔
قومی باؤلر یاسر شاہ نے بابر اعظم کے بعد بھی شاندار بیٹنگ جاری رکھتے ہوئے اپنے ٹیسٹ کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کر ڈالی۔ انہوں نے 192 گیندوں پر سنچری بنائی، جبکہ محمد موسیٰ وہ واحد بیٹسمین تھے جو ناٹ آؤٹ رہے۔
اگر ہم اسکور کارڈ کا جائزہ لیں تو یاسر شاہ نے 213 گیندیں کھیل کر کل 113 رنز اسکور کیے۔ شاہین آفریدی پہلی ہی گیند پر کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹے جبکہ محمد عباس نے 78 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی ٹیم کی پہلی وکٹ 3 کے اسکور پر گری جب امام الحق آؤٹ ہوئے جن کے بعد اظہر علی، شان مسعود اور اسد شفیق کی باری آئی۔ 89 کے مجموعی اسکور پر پاکستان کی 6 وکٹیں گر چکی تھیں۔
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے پر ٹیم کا مجموعی اسکور 194 تھا جبکہ شاہین آفریدی بھی اسی اسکور پر آؤٹ ہوگئے۔ بعد ازاں محمد عباس نے یاسر شاہ کا ساتھ دیا اور اننگز کو 281 تک پہنچا دیا، جس کے بعد یاسر شاہ ٹیم کے مجموعی اسکور کو محض 302 تک پہنچا سکے۔
مچل اسٹارک آسٹریلیا کی طرف سے سب سے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے 66 رنز کے عوض 6 وکٹیں لیں، پیٹ کمنز نے 83 رنز دے کر 3 وکٹیں لیں جبکہ جوش ہیزل ووڈ محض 1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوسکے۔
اسکور کارڈ کے مطابق میچ کی موجودہ صورتحال یہ ہے کہ فالو آن پر مجبور پاکستانی ٹیم نے اب تک صرف 2 اسکور بنائے ہیں اور ان کا چوتھے اوور کے دوران 1 کھلاڑی آؤٹ ہوچکا ہے جس کی وکٹ ہیزل ووڈ نے لی۔
یاد رہے کہ اس سے قبل آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستانی بیٹنگ بری طرح مشکلات کا شکار رہی جبکہ اپنی پہلی اننگز میں آسٹریلیا کے 589 اسکورز کے جواب میں قومی ٹیم نے صرف 179 رنز بنائے اور 6 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کے بلال اعظم نے 128 گیندوں پر اب تک 93 رنز اسکور کر لیے تھے جبکہ یاسر شاہ 112 گیندیں کھیل کر 37 کے انفرادی اسکور پر بیٹنگ کر رہے تھے۔
مزید پڑھیں: ٹیسٹ سیریز کا دوسرا میچ: پاکستانی بیٹنگ شدید مشکلات کا شکار