پاکستانی سائنسدان کا اعزاز، چینی یونیورسٹی کا تحقیقاتی مرکز ڈاکٹر اقبال چوہدری سے منسوب

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

اقبال چوہدری
(فوٹو: وی نیوز)

چینی یونیورسٹی کے تحقیقاتی مرکز کو پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے، نئے مرکز کا افتتاح کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چین کی ہونان یونیورسٹی آف میڈیسن میں نئے تحقیقاتی مرکز کا افتتاح ہوا جسے ممتاز پاکستانی ادارے ایچ ای جے ریسرچ اینسٹیٹیوٹ آف کیمسٹری سے وابستہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔

وی نیوز کا اپنی رپورٹ میں کہنا ہے کہ چینی یونیورسٹی نے پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری کو یہ اعزاز ان کی مختلف سائنسی کاوشوں، خصوصاً چینی اور پاکستانی سائنسدانوں کے مابین تحقیقی مراکز کے قیام میں ان کے غیر متزلزل کردار کے اعتراف میں  عطا کیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین کی اس مایہ ناز طبی یونیورسٹی کا تحقیقاتی مرکز 13 ہزار مربع فٹ کے وسیع و عریض رقبے پر پھیلا ہوا ہے جس میں 17 مستقل محققین کو کام کرنے کا موقع ملا ہے جو پاکستان اور چین کے مابین سائنسی تعاون کو فروغ دینے کیلئے وقف کیے گئے ہیں۔

ہونان کی یہ قدیم طبی یونیورسٹی 1912 میں طب کے مشہور استاد یان فوچنگ کے ذریعے قائم ہوئی اسے نمایاں میڈیکل یونیورسٹی کے طور پر منفرد شناخت کی حامل جامعہ ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ تحقیقاتی مرکز کو ڈاکٹر اقبال چوہدری کے نام سے منسوب کیا جانا اہم اعزاز ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی سائنسدان پروفیسر ڈاکٹر اقبال چوہدری سائنسی حلقوں میں ایک ممتاز اور نمایاں شخصیت سمجھے جاتے ہیں جنہیں متعدد اعزازات سے نوازا گیا، آپ کے اعزازات میں ہلالِ امتیاز، ستارۂ امتیاز، تمغۂ امتیاز اور چین کا دوستی ایوارڈ برائے سال 2022 شامل ہیں۔

Related Posts