پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی جوکہ نانگا پربت پر 3روز سے پھنسے ہوئے تھے، اب ان کے حوالے اچھی خبر سامنے آرہی ہے، ذرائع کے مطابق آصف بھٹی کچھ دیر میں بییس کیمپ کی جانب بڑھنا شروع کریں گے۔
آصف بھٹی آذربائیجان کے کوہ پیما ازرافیل کی مدد سے کیمپ فور سے کیمپ ٹو تک آئے تھے۔پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی اسنو بلائنڈنس کی وجہ سے تین روز قبل نانگا پربت پر 7500 میٹر کی بلندی پر پھنس گئے تھے۔
نانگا پربت پر فضل علی اور محمد یونس پر مشتمل گراؤنڈ ریسکیو ٹیم بھی موجود تھی، گذشتہ روز گراؤنڈ ریسکیو ٹیم نے آصف بھٹی اور ازرافیل کو جوائن کیا تھا۔
خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر ریسکیو ممکن نہ ہوسکا تھا اور آج بھی خراب موسم کی وجہ سے ہیلی کاپٹر ذریعے آپریشن نہ کیا جاسکا، گراونڈ ریسکیو ٹیم کے جوائن کرنے کے بعد آج صبح آصف بھٹی اور ازرافیل کیمپ ون کی جانب بڑھنا شروع ہوئے۔
دوسری جانب ساجد سدپارہ، نائلہ کیانی اور ہوگو اویئار اسکردو سے روانہ نہیں ہوسکے ہیں، خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی ریسکیو معاملات کو کوآرڈینیٹ کررہی ہیں۔
مزید پڑھیں:نانگا پربت میں پھنسے پاکستانی کوہ پیماآصف بھٹی کون ہیں؟
واضح رہے کہ پاکستانی کوہ پیما آصف بھٹی اسنو بلائنڈنس کی وجہ سے تین روز قبل نانگا پربت پر 7500 میٹر کی بلندی پر پھنس گئے تھے، جس کے باعث ان کا رابطہ بھی منقطع ہوگیا تھا۔