اسلام کی خاطر شوبز کی دُنیا ہمیشہ کیلئے چھوڑ دینے والے بہت سے فنکار ہیں تاہم زیادہ تر خواتین نے اداکاری اور گلوکاری چھوڑ کر دین کی تبلیغ شروع کردی جن میں سے کچھ نام نمایاں اہمیت کے حامل ہیں۔
شوبز کی رنگین دنیا چھوڑ کر اسلام کو اپنانا کوئی آسان راستہ نہیں تاہم بہت سے پاکستانی خواتین نے یہ ثابت کیا کہ اگر دل زندہ ہو تو بڑے سے بڑے چیلنج کا سامنا کیا جاسکتا ہے جن میں سے 4مندرجہ ذیل ہیں۔
صنم چوہدری:
معروف اداکارہ صنم چوہدری اسلام کیلئے شوبز چھوڑنے والی خواتین کی فہرست میں تازہ ترین اضافہ قرار دی جاسکتی ہیں جنہوں نے اپنی سالگرہ کے موقعے پر یہ اعلان کیا کہ وہ اداکاری چھوڑ رہی ہیں۔
یہی نہیں بلکہ صنم چوہدری نے سوشل میڈیا پیجز اور پروفائلز سے اپنی نئی اور پرانی تصاویر بھی ڈیلیٹ کردیں اور چند ایک تصاویر باقی رکھیں جن کا تعلق ان کی تقریبِ نکاح سے تھا۔
نور بخاری:
آج سے چند برس قبل معروف پاکستانی اداکارہ نور بخاری نے بھی شوبز کی رنگ اور روشنیوں سے معمور دنیا کو خیرباد کہہ دیا جس کا مقصد اسلام کی تعلیمات پر چلنا تھا، جس کے بعد انہیں اداکاری کرتے نہیں دیکھا گیا۔
زینب جمیل
اسلام کی تعلیمات کے مزید مطالعے کیلئے شوبز چھوڑنے کا اعلان کرنے والی زینب جمیل نہ صرف اداکارہ بلکہ ماڈل اور ٹی وی میزبان بھی تھیں جو تاحال اپنے عہد پر قائم ہیں۔
اداکارہ زینب جمیل نے سسرال میری بہن کا اور منچلی سمیت متعدد ٹی وی سیریلز کیے، خبرناک میں میزبانی سے بھی شہرت ملی جبکہ ایک فلم جوانی پھر نہیں آنی میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے۔
رابی پیرزادہ
مشہورومعروف گلوکارہ رابی پیرزادہ کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں جنہوں نے اپنے کیرئیر کے عروج پر شوبز کی دنیا ہمیشہ کیلئے چھوڑ دینے کا اعلان کیا۔
اپنی نجی ویڈیوز وائرل ہونے سے کچھ ماہ قبل رابی پیرزادہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ متحرک تھیں تاہم ان کی لیک ویڈیوز پر عوام کا ردِ عمل سامنے آیا جس کے بعد رابی پیرزادہ نے شوبز انڈسٹری چھوڑ دی۔
یہ بھی پڑھیں: لکس اسٹائل ایوارڈز 2021 کیلئے نامزدستاروں کی مکمل فہرست