برمنگھم: برمنگھم میں کھیلے جانے والے کامن ویلتھ گیمز میں انتظامیہ کی غفلت کی وجہ سے پاکستان کے باکسر ذوہیب رشید فلائی ویٹ کیٹیگری ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے۔
واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں ذوہیب رشید کو فلائی ویٹ کیٹیگری میں شرکت کرنا تھی، اس کیٹیگری کا پہلا راؤنڈ پیر کو ہوا، تین روز قبل جب ڈراز نکالے گئے تو اس میں ان کا نام شامل نہیں تھا۔
پی بی ایف کے مطابق انہوں نے تمام چیزیں بروقت مہیا کردی تھیں، ٹیکنیکل ڈیلیگیٹ نے غلطی کی جس کی وجہ سے نام ڈراز میں شامل نہیں ہوا۔
باکسنگ فیڈریشن کے سیکرٹری کرنل ناصر تونگ نے کہا کہ تین دن تک انتظامیہ نے اس معاملے میں مکمل غفلت برتی اور مقابلوں کے عین وقت کہہ دیا گیا کہ ڈراز نکل چکے اب تبدیلی نہیں ہوسکتی۔
خیال رہے کہ فلائی ویٹ کیٹیگری میں 16 کے بجائے 15 باکسرز کو مین ڈراز میں شامل کیا گیا تھا جبکہ ایک باکسر کو بائی دے دیا گیا۔
پی بی ایف کے سیکرٹری کرنل ناصر نے کہا کہ کامن ویلتھ گیمز انتظامیہ نے ہمارے باکسر کے ساتھ ناانصافی کی، باکسر کو ذہنی اذیت ہوئی جس پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معاملے پر کامن ویلتھ گیمز فیڈریشن اور آئبا سے احتجاج کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی عالمی عدالت میں اذالے کا بھی مطالبہ کیا جائے گا۔
ذوہیب رشید ایشین جونیئر چیمپئن شپ کے برانز میڈلسٹ ہیں اور کرنل ناصر کے مطابق کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کو میڈل جتوانے کی پوزیشن میں بھی تھے۔