لاہور : آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کرکٹ ورلڈ کپ 2020میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم اپنے سفر کا آغاز 26فروری بروز بدھ کو کینبرا میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔دونوں ٹیموں کے درمیان میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1 بجے شروع ہوگا۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈرینکنگ میں پاکستان ساتویں اور ویسٹ انڈیز پانچویں نمبر پر موجود ہے۔انفرادی رینکنگ میں بسمہ معروف دنیا کی 11ویں بہترین بیٹر اور انعم امین 13ویں بہترین باؤلر ہیں۔
17 روز تک جاری رہنے والے ایونٹ میں کْل 23 میچز کھیلے جائیں گے جہاں دنیا بھر کے 10 بہترین ممالک کی ٹیمیں عالمی چیمپئن بننے کی اس جنگ میں صف آراء ہوں گی۔ میزبان آسٹریلیا کی ویمنز کرکٹ ٹیم ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
ایونٹ 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا کے چار شہروں، سڈنی، پرتھ، کینبرا اور میلبرن میں کھیلاجائے گا۔ ایونٹ کا فائنل عالمی یوم خواتین کے موقع پر میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔
گروپ بی میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیزکی ویمنز ٹیمیں شامل ہیں۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم26 فروری کو کینبرا میں اپنا پہلا میچ کھیلنے کے بعد 28 فروری کو اسی میدان پر انگلینڈکے خلاف میچ کھیلے گی، جس کے بعد قومی خواتین کرکٹ ٹیم سڈنی روانہ ہوجائے گی جہاں وہ یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔
پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے اب تک کھیلے گئے تمام آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کی ہے۔ بسمہ معروف کی قیادت میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم تاریخ میں پہلی مرتبہ ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پرامید ہے۔
مسلسل ساتویں ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز حاصل کرنے والی بسمہ معروف پہلی مرتبہ عالمی کپ میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی قیادت کریں گی۔میگا ایونٹ کے لیے نیشنل ویمنز اسکواڈ میں شامل دیگر نمایاں کھلاڑیوں میں جویریہ خان، منیبہ علی، انعم امین اور ندا ڈار شامل ہیں۔
اس دوران پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک میچ ابتدائی طور پر برابر رہا جو بعدازاں ویسٹ انڈیز ویمنز ٹیم نے سپر اوورمیں اپنے نام کرلیا۔ تاحال آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے کسی بھی بیٹر کی بہترین اننگز 74 رنز ناٹ آؤٹ ہے۔
جویریہ خان نے یہ ریکارڈگذشتہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں آئرلینڈ کے خلاف بنایا تھا۔انہوں نے 52گیندوں پر 74 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔محدود طرز کی کرکٹ میں پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا اعزاز انعم امین کو حاصل ہے۔
انہوں نے آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016کے دوران ویسٹ انڈیز کے خلاف راؤنڈ میچ میں شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 16 رنز کے عوض 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی تھی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ چنئی میں کھیلا گیا تھا۔
اس موقع پر کسی بھی آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں پاکستان کی جانب سے بہترین باؤلنگ کا اعزاز رکھنے والی اسپنر انعم امین ایونٹ میں شرکت کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔
قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی اسپنر انعم امین کا کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شرکت پر بہت پرجوش ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ابتدائی طور پر ان کا ہدف پاکستان کو سیمی فائنل میں رسائی دلوانا ہے۔
بائیں ہاتھ کی اسپنر کا مزید کہنا ہے کہ وہ ایونٹ میں شاندار کارکردگی کا عزم لیے میدان میں اتریں گی۔ انہوں نے کہاکہ وہ فی الحال خواتین باؤلرز کی عالمی رینکنگ میں تیرہویں نمبر پر موجود ہیں مگر وہ شاندار باؤلنگ کے ذریعے دنیائے کرکٹ کی دس بہترین خواتین اسپنرز میں شامل ہونا چاہتی ہیں۔
مزید پڑھیں:ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیے 15 رکنی قومی ٹیم کا اعلان، ثنا میر کو ڈراپ کردیا گیا