اسلام آباد: پاکستان نے عالمی ریڈ کراس کمیٹی (آئی سی آر سی) سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی جارحیت کا سامنا کرنے والے مظلوم کشمیریوں کو طبی امداد مہیا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی نے اسلام آباد میں آئی سی آر سی کے وفد کی سربراہ ڈریگنا کوجک کو مقبوضہ کشمیر میں کورونا کی صورتحال سے متعلق ڈوزئیر فراہم کیا۔
ریڈ کراس کمیٹی کا وفد ڈریگنا کوجک کی سربراہی میں چیئرمین کشمیر کمیٹی سے ملاقات کیلئے ان کے دفتر پہنچا تھا۔ شہریار آفریدی نے مظلوم کشمیریوں کو طبی امداد مہیا کرنے کیلئے عالمی راہداری کے قیام کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین کشمیر کمیٹی کے فراہم کیے گئے ڈوزئیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں کورونا وباء کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال اور طبی ایمرجنسی سے متعلق تفصیلی رپورٹ موجود ہے۔
آئی سی آر سی وفد کی سربراہ نے شہر یار آفریدی کو یقین دلایا کہ ریڈ کراس کمیٹی بھارتی حکام سے کشمیر کمیٹی کی قرارداد کے مطابق عالمی طبی راہداری کے قیام کا مطالبہ اٹھائے گی۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیریوں کی زندگیوں کو خطرہ، مشعال ملک نے اقوام متحدہ سے مدد مانگ لی