کرتارپورراہداری افتتاحی تقریب، پاکستان کامنموہن سنگھ کوبلانے کافیصلہ

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کرتارپورراہداری افتتاحی تقریب، پاکستان کامنموہن سنگھ کوبلانے کافیصلہ
پاکستان نے نومبر میں کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بھارت کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

پاکستان نے نومبر میں کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں بھارت کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو مدعو کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے ویڈیو پیغام میں کہنا تھا کہ پاکستان نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا ہے کہ کرتار پور صاحب کی افتتاحی تقریب میں بھارت کے سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو شرکت کی دعوت دی جائے گی،  کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب ایک بہت بڑا پروگرام ہے، جس کی ہمیں بے حد خوشی ہے اور پاکستان اس کی بھرپور تیاری کررہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی اس میں ذاتی دلچسپی ہے  اور اسی لیے ہم بھارت کے سابق وزیراعظم من موہن سنگھ کو دعوت دینا چاہتے ہیں کہ وہ اس تقریب میں آئیں،  یہ من موہن سنگھ کا دھرم بھی ہے وہ سکھ کمیونٹی کی نمائندگی بھی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں بطور وزیر خارجہ پاکستان سردار من موہن سنگھ صاحب کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ اس افتتاحی تقریب میں تشریف لائیں۔

انہوں نے کہا کہ من موہن سنگھ کو تحریری طور پر بھی دعوت نامہ بھجوا یا جا رہا ہے، شاہ محمود قریشی نے سکھ کمیونٹی کو بھی دعوت دی کہ وہ بھی اس تقریب میں شرکت کے لئے تشریف لائیں اور بابا گرو ناننک کے 550 ویں جنم دن کی خوشی میں شریک ہوں۔

پاکستان بابا گرونانک کے 550 ویں یوم پیدائش کے موقع پر نومبر میں کرتارپور راہداری کھولنے کے لیے پُرعزم ہے، کرتارپور راہداری بھارت اور پاکستان کے درمیان زیر تعمیر سرحدی راہداری ہے جو بھارت میں واقع ڈیرہ بابا نانک صاحب کو پاکستان میں نارووال کے علاقے کرتارپور میں گردوارہ دربار صاحب کی عبادت گاہ سے منسلک کرے گی۔ اس راہداری کا مقصد سکھ یاتریوں کے لیے گردوارہ دربار صاحب کی زیارت میں آسانی پیدا کرنا ہے۔

Related Posts