کراچی: پاکستان نے امریکا میں پھنسے ہوئے شہریوں کو وطن واپس لانے کے لئے امریکا سے خصوصی پروازوں کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن کے چیف آپریٹنگ آفیسر ارشاد ملک نے امریکی سفیر اور محکمہ خارجہ کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے کورونا وائرس کے پیش نظر امریکا میں محصور پاکستانیوں کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے کی خصوصی پروازیں چلانے کی اجازت طلب کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا کے بحران نے ایسی صورتحال پیدا کردی ہے کہ امریکا میں پھنسے ہوئے شہریوں کو وطن واپس لانے کے لئے فوری ہوائی سروس کے انعقاد کی ضرورت ہے۔
پی آئی اے حکام نے کہا ہے کہ پی آئی اے کے پاس ایک غیر ملکی ایئر کیریئر اجازت نامہ ہے اور انہوں نے فروری میں اپنے قانونی نمائندوں کے توسط سے امریکی محکمہ برائے نقل و حمل کو اپنی درخواست پیش کی تھی۔
پی آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ پروازوں کی منظوری کے بعد پی آئی اے امریکا کے لئے براہ راست فلائٹس آپریشن شروع کرے گی۔ اس سلسلے میں بوئنگ 777 طیارے بیرون ملک پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کے لئے استعمال ہوں گے۔
مزید پڑھیں: سیکڑوں پاکستانی تاجر چین میں محصور، پیسے ختم، حکومت سے وطن واپس لانے کی اپیل