لاہور: پاکستان ریلویز نے موسم گرما کے لئے ٹرینوں کے لیے نئے اوقات کار جاری کردیے ہیں۔ حکام کے مطابق نئے اوقات کار 15 اپریل سے نافذ العمل ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ریلویز کے حکام نے موسم گرما کے نئے اوقات 15 اپریل 2021 سے شروع ہوں گے جو تاحکم ثانی نافذ العمل رہیں گے۔ محکمہ ریلوے نے اپ اینڈ ڈاؤن ٹریک کی 10 ٹرینوں کو نئے اسٹاپ بھی دے دیئے ہیں۔
ترجمان محکمہ ریلویز کے مطابق رحمان بابا ایکسپریس کو لالہ موسیٰ ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ کرنے کی اجازت دی گئی ہے، تیز گام کا گھوٹکی اور عوام ایکسپریس کا پبی ریلوے اسٹیشن پر اسٹاپ ختم کر دیا گیا۔
پاکستان ریلویز کے مطابق عوام ایکسپریس کو لاہور کینٹ، سرسید ایکسپریس کو جہلم اسٹاپ کرنے کی اجازت مل گئی ہے، فرید ایکسپریس کو ڈرگ روڈ، جعفر ایکسپریس کو خانپور، گجر خان اور لاہور کینٹ پر رکنے کی اجازت ملی ہے۔
نئے شیڈول کے مطابق فرید ایکسپریس لاہور سے صبح 5 کی بجائے صبح 6 بجے روانہ ہوگی، مہر ایکسپریس ملتان سے شام 4 بج کر 30 منٹ کی بجائے شام 5 بجے روانہ ہوگی، مہر ایکسپریس روالپنڈی سے شام 4 بج کر 45 منٹ کی بجائے شام 5 بجے روانہ ہوگی۔
ریلوے حکام کے مطابق لاثانی ایکسپریس سیالکوٹ سے صبح 6 بجے کی بجائے صبح 5 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی، نارووال ایکسپریس لاہور سے صبح ساڑھے 6 کی بجائے صبح 9 بج کر 10 منٹ پر روانہ ہوگی، نارووال سے سہ پہر 3 بج کر 30 منٹ کی بجائے شام 4 بج کر 30 منٹ پر روانہ ہوگی۔
ترجمان ریلوے کے مطابق اپ اینڈ ڈاؤن کی 8 ٹرینوں کے مختلف اسٹیشنز پر عارضی اسٹاپ کو مستقل کر دیا گیا ہے، اپ اینڈ ڈاؤن کی 8 ٹرینوں کے مختلف اسٹیشنز سے روانگی کے اوقات کار بھی تبدیل کر دیے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یو اے ای کی عوام کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں، سفیرابوظہبی حماد الزابی