لاہور :پاکستان ریلوے نے پیر کو اپنے جزوی آپریشن میں مزید دس ٹرینیں شامل کردی ہیں جس کے بعد روزانہ کی بنیاد پر چلنے والی ٹرینوں کی تعداد چالیس ہوگئی ہے۔
دوبارہ فعال ہونیوالی ٹرینوں میں سر سید ایکسپریس ، کراچی ایکسپریس ، شالیمار ایکسپریس ، بہاؤالدین ذکریا ایکسپریس اور راول ایکسپریس شامل ہیں۔
شالیمار ایکسپریس 314 مسافروں کے ساتھ کراچی کیلئے وقت پر روانہ ہوئی اور سرسید ایکسپریس راولپنڈی سے کراچی کے لئے روانہ ہوئی۔
تمام ٹرینوں میں معیاری آپریٹنگ طریقہ کار کی پیروی کی جارہی ہے اور ای ٹکٹنگ اور ریزرویشن دفاتر کے ذریعہ صرف 60 فیصد سیٹیں بک کی جاسکتی ہیں۔
پاکستان ریلوے نے ملک میں کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن میں نرمی کے بعد عید سے قبل ٹرین آپریشن بحال کیا تھا جس کے تحت ابتدائی طور پر 30 ٹرینیں چلائی جارہی تھیں تاہم مزید 10 ٹرینوں کی شمولیت کے بعد اب جزوی آپریشن میں 40 ٹرینیں شامل ہوگئی ہیں۔
مزید پڑھیں: پاکستان میں لاک ڈاؤن کے باعث 1 کروڑ 73 لاکھ ملازمتیں خطرے میں پڑ گئیں