کراچی میں پاکستان ریلوے نے تجاوزات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے زیرِ تعمیر مکانات منہدم کردئیے جبکہ آپریشن میں ریلوے پولیس کے علاوہ علاقہ پولیس نے بھی حصہ لیا۔
تفصیلات کے مطابق قبضہ مافیا نے ریلوے اراضی پر تاحال قبضوں کی کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں تاہم پاکستان ریلوے قبضہ مافیا کے خلاف متحرک ہے۔ قبضہ مافیا کی طرف سے کراچی کے علاقے کالا پل کے ساتھ ریلوے کی اراضی پر نئی تعمیرات جاری تھیں جن کی اطلاع ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو دے دی گئی۔
ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ نے قبضہ مافیا کے خلاف ریلوے پولیس افسران کو فوری کارروائی کی ہدایت کی جس کے بعد ریلوے کے متعلقہ محکمے کے افسران نے بدھ کے روز ڈی ایچ اے کے قریب کالا پل کے نزدیک قبضہ مافیا کی جانب سے زیرِ تعمیر مکانات پر دھاوا بول دیا۔ کارروائی میں 3 زیرِ تعمیر مکانات منہدم کردئیے گئے۔
اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن محمد حنیف گل نے کہا کہ ریلوے اراضی پر اگر کوئی قبضہ کرنے کے خواب دیکھ رہا ہے تو اس سے باز رہے کیونکہ اب کسی بھی غیر قانونی قبضے کو ریلوے برداشت نہیں کرے گا۔ اگر کوئی تعمیرات کرتا ہے تو ایسی تعمیرات فوری طور پر مسمار کردی جائیں گی۔
ڈی ایس ریلوے کراچی ڈویژن نے کہا کہ ریلوے اراضی قوم کی امانت ہے۔ اس میں کسی کو خیانت نہیں کرنے دیں گے۔ ماضی میں کی گئی تعمیرات کے خلاف بھی ریلوے کی کارروائی جاری رہے گی۔ گلشنِ اقبال سمیت مختلف مقامات پر ریلوے اراضی سے قبضہ ہر صورت واگزار کرایا جائے گا۔ سرکلر ریلوے کے تیسرے فیز کی بحالی پر بھی کام شروع ہوچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جڑواں بچوں کی پیدائش کادعویٰ، جناح ہسپتال انتظامیہ پربچہ چرانے الزام