اسلام آباد: پاکستان نے بھارت کی دہشت گردی بے نقاب کردی، سلامتی کونسل ممالک کو ثبوت مہیا کردئیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق دفترِ خارجہ میں سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک کے سفیروں کو بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزوئیر دیا گیا جس کے مطابق پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کا تعلق بھارت سے ثابت ہوتا ہے۔
اس حوالے سے ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتا ہے، بھارتی دہشت گردی سے پاکستان کے ساتھ ساتھ خطے کے امن کو شدید خطرات درپیش ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) نے بھارتی انٹیلی جنس کو چاروں شانے چت کردیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر2 روز قبل اپنے پیغام میں معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ آج ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اور ان کی ٹیم نے بھارتی خفیہ اداروں کی تمام چالوں کو بے نقاب کرکے چاروں شانے چت کردیا۔
مزید پڑھیں: آئی ایس آئی نے بھارتی انٹیلی جنس کو چاروں شانے چت کردیا۔شہباز گِل