لاہور:پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگیا، ٹیسٹ میچ کے آخری روز پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 278 رنز اور مہمان ٹیم کو 10 وکٹ درکار ہیں۔
مہمان ٹیم کے 351 رنز ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے پر اعتماد انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا گیا، چوتھے روز کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 73 رنز بنالئے ہیں، اوپنر عبداللہ شفیق 27 اور امام الحق 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔
آج جب کھیل کا آغاز ہوا تو آسٹریلوی اوپنرز عثمان خواجہ اور ڈیوڈ وارنر دوسری اننگز کیلئے میدان میں اترے، ان کی 96 رنز کی طویل شراکت داری جاری تھی کہ شاہین آفریدی نے 51 رنز بنانے والے ڈیوڈ وارنر بولڈ کرکے پویلین کی راہ دکھائی۔
مارنس لبوشین 36 رنز پر نعمان علی کے ہاتھوں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، اسٹیون سمتھ 17 رنز بنا سکے، مجموعی سکور 268 پرپہنچا تو کینگروز نے اننگز ڈکلیئر کر دی، پاکستان کو جیت کیلئے 351 رنز درکار ہیں۔
پہلی اننگ میں پاکستان کی پوری ٹیم 268 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی، پاکستانی کرکٹ ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز کیا، تو عبد اللہ شفیق اور اظہر علی نے سکور کو آگے بڑھایا تاہم اوپنر 81 رنز بنا کر لیون کا نشانہ بن گئے، اظہر علی کی باری 78 پر ختم ہوئی۔
اس کے بعد کوئی بھی بلے باز کریز پر زیادہ دیر ٹک نہ سکا، فواد عالم 13، محمد رضوان 1، ساجد خان6، نعمان، حسن علی، نسیم شاہ 0 پر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بابر اعظم کی 67 رنز کی مزاحمتی اننگز کا خاتمہ مچل سٹارک نے کیا۔
مزید پڑھیں: اسٹیو اسمتھ نے تیز ترین 8000رنز بنا کر کمارسنگاکارا کا ریکارڈ توڑ دیا