اسلام آباد: پاک بحریہ کے مشن کمانڈر نے پاکستان کی طرف سے افریقہ کے 2 دوست ممالک جبوتی اور سوڈان کو 50، 50 ٹن راشن کا تحفہ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس کے افریقی ممالک جبوتی اور سوڈان کے خیر سگالی دورے کی تفصیلات جاری کردی گئی ہیں۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک میں آمد کے موقعے پر پاک بحریہ کے جہاز کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے پاکستانی عوام کی جانب سے دونوں دوست ممالک کو 50، 50 ٹن راشن کا تحفہ مقامی حکام کے حوالے کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشن کمانڈر نے میزبان ممالک میں اعلیٰ سول و عسکری حکام سے ملاقاتیں کیں جن کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ بحری تعاون پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ مشن کمانڈر نے حکومت اور امیر البحر کی جانب سے دونوں ممالک کے لیے خیر سگالی کا پیغام بھی پہنچایا۔
پاک بحریہ کے جہاز نے سوڈانی بحریہ کے ساتھ مشترکہ مشق میں بھی حصہ لیا۔ ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے کہ پی این ایس نصر کے اِس دورے سے باہمی اشتراک کی نئی راہیں استوار کرنے کے ساتھ ساتھ پہلے سے موجود تعلقات کو مزید وسعت ملے گی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر انسانی ہمدردی کے تحت افریقی ممالک کو اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے مشن پر روانہ ہوگیا۔
اس حوالے سے گزشتہ ماہ 17 جنوری کو ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ کا جہاز پی این ایس نصر انسانی ہمدردی کے مشن کی تکمیل کے سلسلے میں مختلف افریقی ممالک کے دورے پر روانہ ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: پی این ایس نصر افریقی ممالک کیلئے انسانی ہمدردی کے مشن پر روانہ