ڈھاکہ میں بارش کے بعد بنگلہ دیش کے خلاف قومی کرکٹ ٹیم کی بیٹنگ جاری ہے تاہم دوسرے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کھیل کے آغاز کے ساتھ ہی پاکستان کے 2 مزید کھلاڑی پویلین لوٹ گئے جن میں کپتان بابر اعظم بھی شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق خراب موسم اور بارش کے باعث پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین دوسرا ٹیسٹ میچ آغاز ہی سے مشکلات کا شکار رہا۔ پہلے روز 50 سے زائد اوورز کے کھیل کے بعد دوسرے روز کا کھیل 6 اوورز کے بعد ہی ختم کردیا گیا۔
پاکستان اور بنگلہ دیش کے میچ کا تیسرا روز بھی بارش سے متاثر
ڈھاکہ ٹیسٹ کا دوسرا روز، قومی ٹیم نے ڈریسنگ روم میں بیٹنگ شروع کردی
تیسرے روز بھی بارش کے باعث میچ تعطل کا شکار ہوا۔ آج چوتھے روز پاکستان نے بیٹنگ شروع کی جس کے دوران توقع کی جارہی ہے کہ کم از کم 86 اوورز کا میچ ہوگا جبکہ پہلے 2 روز میں 63 اوورز اور 2 گیندوں کا کھیل ہی ممکن ہوسکا۔
قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور اظہر علی کھیل کے آغاز پر وکٹ پر موجود تھے لیکن آج بیٹنگ شروع کرتے ہی اظہر علی 56 رنز بنا کر بنگلہ دیش کے بالر عبادت حسین کی گیند پر وکٹ دے بیٹھے۔ بعد ازاں بابر اعظم بھی 76رنز بنا کر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
دو میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو 1 صفر کی برتری حاصل ہے جبکہ دوسرا ٹیسٹ میچ ڈرا کی طرف بڑھ رہا ہے۔پاکستان نے 69 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 198 رنز بنا لیے ہیں۔ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کو جیت کی توقع ہے۔