اسلام آباد:پاکستان نے بھارتی فورسز کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ پر بھارتی ناظم الامور گوروو الوواریہ کودفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق قابض بھارتی فوج کی سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں 28ستمبر کو ایک شہادت اور چار افراد شدید زخمی ہوئے۔
لائن آف کنٹرول کے گرد تندار سیکٹر میں پندرہ سالہ ولید ولد محمد فرید شہید ہوا،مصباح بیگم زوجہ محمد عمر پچیس سال 45سالہ ظہیر عباس ولد صوفی خادم اسی سالہ قاسم سائیں ولد محمد سائیں اور چھبیس سالہ سلیمان ولد محمد حسین رہائشی سونا ویلی اور کارتان گاؤں شدید زخمی ہوئے/
ترجمان کے مطابق بھارتی فوج مسلسل ورکنگ باؤنڈری پر سول آبادی کو نشانہ بنا رہی ہے،اس سال بھارت نے 2387 دفعہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 19شہادتیں اور 191شہری زخمی ہو ئے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے بھارت کی امن دشمن کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے ہندوستان کو باور کرایا کہ یہ دوہزار تین کے سیز فائر معاہدے کی کھلم کھلا خلاف ورز ی ہے۔
ترجمان نے واضح کیاکہ بھارت مقوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹا سکتا۔ ترجمان کے مطابق بھارت پر زور دیا گیا کہ دو ہزار تین کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر اشتعال انگیز کارروائیوں ں کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق ملٹری آبزرور گروپ کو اپنا کردار ادا کرنے دیا جائے۔