کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے مابین ون ڈے سیریز کا تیسرا میچ کراچی میں کھیلا جارہا ہے، پاکستان نے پہلی بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50اوورز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 287 رنز بنائے۔
پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ایک روزہ میچز پر مشتمل سیریز کے تیسرے میچ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔
پاکستان کی جانب سے نیوزی لینڈ کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا، تاہم یہ جوڑی زیادہ دیر تک ساتھ نہ نبھا سکی اور فخر زمان 26 گیندوں پر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
امام الحق 90 اور بابر اعظم 54 رنز بنا کر نمایاں رہے، عبداللہ شفیق 19، محمد رضوان 32، آغا سلمان 31 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جبکہ شاداب خان21 رنز محمد نواز11 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
مہمان ٹیم کی جانب سے میٹ ہینری 3، ایڈم ملنے 2، کول میکونچی ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
مزید پڑھیں:فخر زمان ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں دوسری پوزیشن پر آگئے
واضح رہے کہ 5 ون ڈے میچز کی سیریز میں پاکستان کو دو صفر کی برتری حاصل ہے، نیوزی لینڈ کی ٹیم اگر آج کا میچ بھی ہارتی ہے تو سیریز ہار جائے گی۔