ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ نئی دہلی میں مسلمانوں کے خلاف تشدد اور مسجد کو نظر آتش کرنے کے واقعے پر گہری تشویش ہے ، پاکستان سمیت بین الاقوامی برادری نے بھی اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں علاقائی امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں اور یہ کسی تذویراتی تصادم کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق گزشتہ روز کنٹرول لائن کے نیزہ پیر سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر پاکستان نے آج بھارت کے ایک اعلیٰ سفارتکار کو طلب کرکے شدید احتجاج کیا ہے۔
ترجمان نے کہا کہ بھارتی فوج کی بلا اشتعال اور اندھا دھند فائرنگ کے نتیجے میں مندھار گاؤں کا چالیس سالہ رہائشی شدید زخمی ہوا، شہری آبادی کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا قابل مذمت اور انسانی وقار، عالمی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری کے ساتھ شہری آبادی والے علاقوں کو توپخانے، بھاری مارٹر گولوں اور خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنارہی ہے۔
عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان، ایران میں کورونا وائرس کے پھیلنے اور موجودہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے ایرانی حکومت کے ساتھ بات چیت کر رہا ہے، پاکستان وبا کو روکنے کے لیے ایرانی حکام کی کوششوں کی حمایت اور ان سے اظہار یکجہتی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت نے امریکا پر نسلی فسادات کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کردیا