پاکستان نے عالمی مقابلۂ حسن مس ورلڈ میں 73 سالہ تاریخ کے دوران پہلی بار باضابطہ شرکت کا اعزاز حاصل کرلیا ہے، جس کے بعد ملک کی نمائندگی کے لیے انیقہ جمال اقبال کو مس ورلڈ پاکستان 2026 کا تاج پہنایا گیا ہے۔
انیقہ جمال اقبال اب مس ورلڈ 2026 کے عالمی مقابلے میں پاکستان کی نمائندہ کے طور پر شرکت کریں گی۔ ان کی تاج پوشی کی تقریب لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی، جہاں مس پاکستان یونیورسل 2022 ڈاکٹر شفق اختر نے انہیں تاج پہنایا۔
تقریب میں مسٹر پاکستان ورلڈ عطاء اللہ گجر سمیت دیگر اہم شخصیات نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر منتظمین کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مس ورلڈ میں پہلی باضابطہ شرکت عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کے حوالے سے ایک تاریخی قدم ہے۔
مس پاکستان ورلڈ آرگنائزیشن، جس کا قیام 2002 میں ہوا تھا، گزشتہ دو دہائیوں سے پاکستانی خواتین کو مختلف عالمی مقابلۂ حسن تک پہنچانے کے لیے کام کر رہی ہے۔
ادارے کی سربراہ سونیا احمد کے مطابق مس ورلڈ میں پاکستان کی شرکت نہ صرف عالمی سطح پر ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ اس بات کا اظہار بھی ہے کہ پاکستانی خواتین مختلف شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستانی امیدوار اس سے قبل بھی مختلف عالمی بیوٹی مقابلوں میں شرکت کرچکی ہیں، تاہم مس ورلڈ کے مرکزی مقابلے میں پاکستان کی یہ پہلی باضابطہ نمائندگی ہوگی۔
اس سے قبل 2023 میں ایریکا رابن پہلی پاکستانی امیدوار بنی تھیں جنہوں نے مس یونیورس کے مرکزی مقابلے میں شرکت کی، جبکہ دیگر پاکستانی امیدواروں نے بھی مس ارتھ، مس سپرا نیشنل، مس انٹرنیشنل اور دیگر عالمی پلیٹ فارمز پر پاکستان کی نمائندگی کی۔
گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں








