برسبین: آسٹریلیا نے گابا میں بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان کو عبرتناک شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کر لی۔
بارش کی وجہ سے پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ تاخیر کا شکار ہونے کے باعث 7، 7 اوورز تک محدود کر دیا گیا تھا۔ پاکستان کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے آسٹریلیا کو بیٹنگ کرنے کی دعوت دی۔
آسٹریلیا نے 7 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 93 رنز بنا کر پاکستان کو جیتنے کے لیے 94 رنز کا ہدف دیا، لیکن پاکستان کی ٹیم یہ ہدف پورا نہ کر سکی اور 7 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 64 رنز بناسکی۔
آسٹریلیا کی طرف سے میکسویل 19 گیندوں پر 43 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ مارک اسٹوئنس نے 7 گیندوں پر 21 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے ایک اوور میں 9 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ایک ایک وکٹ نسیم شاہ اور حارث رؤف کے حصے میں آئی۔
94 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا۔ صاحبزادہ فرحان 8، کپتان محمد رضوان 0، بابر اعظم 3، عثمان خان 4 اور عرفان خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔
حسیب اللہ 12، شاہین آفریدی 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، عباس آفریدی نے 10 گیندوں پر 20 رنز بنائے جبکہ نسیم شاہ بغیر کوئی رنز بنائے آؤٹ ہوگئے۔