رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اسلامی عبادات اور روایات کے احترام میں 23 مارچ کی یومِ پاکستان پریڈ محدود پیمانے پر کرانے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی صدرِ مملکت آصف علی زرداری ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق ایوانِ صدر کے احاطے میں ہونے والی یومِ پاکستان پریڈ روایتی جوش و جذبے سے ہوگی، یومِ پاکستان قومی و ملی عقیدت اور احترام سے منایا جائے گا، پاکستان ڈے پریڈ محدود رکھنے کا فیصلہ رمضان المبارک کے باعث کیا گیا ہے۔
پریڈ میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان شریک ہوں گے۔ پریڈ حسبِ معمول 23مارچ کو ہوگی، مسلح افواج کے دستے مہمانِ خصوصی آصف علی زرداری کو سلامی اور خراجِ تحسین پیش کریں گے۔ پاک فضائیہ کے لڑاکا طیارے ایوانِ صدر کے سامنے فلائی پاسٹ بھی کریں گے۔
ہر سال جدوجہدِ آزادی میں تاریخی دن 23 مارچ 1940 کی یاد میں یومِ پاکستان کی تقریب منعقد کی جاتی ہے جب مسلمانانِ برصغیر نے علیحدہ وطن کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ تقریب میں ملک کی نامور سیاسی و سماجی شخصیات کے علاوہ غیر ملکی سفیر اور حکام بھی شریک ہوں گے۔
جدوجہدِ آزادی کے روحِ رواں قائدِ اعظم محمد علی جناح نے تحریکِ آزادی کو نئی سمت عطا کی جبکہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال نے مسلمان قوم میں آزادی کیلئے اپنے جاندار اور ولولہ انگیز اشعار سے روح پھونک دی اور پھر مسلمانانِ برصغیر کی جدوجہد 14اگست 1947 کو قیامِ پاکستان پر منتج ہوئی۔