پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال آئر لینڈ اور نیدر لینڈز کے خلاف ایک روزہ اور ٹی ٹوئنٹی مقابلوں پر مشتمل کرکٹ سیریز کھیلے گی جبکہ دورۂ انگلینڈ اس کے بعد ہوگا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ حکام کے مطا بق قومی ٹیم کا آئر لینڈ اور نیدر لینڈز کے خلاف سیریز جولائی میں کھیلی جائے گی جس میں نیدر لینڈز کے خلاف 3 ون ڈے میچز کھیلے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سرفراز احمد کا اعزاز: 50 ون ڈے میچز کی قیادت کرنے والے دوسرے وکٹ کیپربن گئے
قومی ٹیم آئر لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کے 2 میچز کھیلے گی جبکہ اس کے بعد 30 جولائی2020ء سے شروع ہونے والے دورۂ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ میچ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز شامل ہوں گے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم داتا کی نگری لاہور پہنچ گئی جہاں ہار پہنا کر قومی کھلاڑیوں کی سری لنکا کے خلاف ون ڈے سیریز میں کامیابی پر انہیں مبارکباد پیش کی گئی اور زبردست استقبال کیا گیا۔
کپتان سرفراز احمد کی قیادت میں ون ڈے سیریز جیتنے والی کرکٹ ٹیم کو سخت سیکورٹی انتظامات میں ائیرپورٹ سے ہوٹل پہنچنے پر خوش آمدید کہتے ہوئے ہار پہنائے گئے جس پر تمام کھلاڑیوں کے چہروں پر خوشی نمایاں نظر آئی۔
احمد شہزاد، عمر اکمل اور فہیم اشرف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں حصہ لینے کے لیے پہلے ہی لاہور میں موجود ہیں جبکہ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز 5 اکتوبر سے شروع ہونے والی سیریز کا دوسرا میچ آج 7 اکتوبر جبکہ تیسرا اور آخری میچ 9 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں: کرکٹ ٹیم کی لاہور آمد: ہار پہنا کر قومی کھلاڑیوں کا زبردست استقبال کیا گیا