اسلام آباد : پاکستان نے جمہوریہ چاڈ سے تعلق رکھنے والے حسین ابراہیم طٰہٰ کو اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) کا نیا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے 47ویں وزرائے خارجہ اجلاس کے بعد دفترِ خارجہ نے ایک اہم بیان جاری کیا جس میں او آئی سی کے نئے سیکریٹری جنرل کو مبارکباد دی گئی۔
پاکستان نے نو منتخب سیکریٹری جنرل او آئی سی کیلئے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور او اسلامی تعاون تنظیم کو مسلم امہ کی متفقہ آواز قرار دیا۔
واضح رہے کہ حسین ابراہیم طٰہٰ کو نیامے میں ہونے والے او آئی سی کے وزرائے خارجہ اجلاس کے دوران کثرتِ رائے سے نیا سیکریٹری جنرل منتخب کیا گیا۔
او آئی سی کے 12 ویں سربراہ بننے والے یوسف احمد نومبر 2021ء میں اپنا عہدہ چھوڑ دیں گے۔ حسین ابراہیم طٰہٰ کے حق میں، یوسف احمد کے ساتھ ساتھ بینن اور نائیجیریا سے تعلق رکھنے والے 2 امیدوار دستبردار ہو گئے تھے۔
تجربہ کار سیاستدان اور سفارت کار حسین ابراہیم طٰہٰ چاڈ میں 1951ء میں پیدا ہوئے۔ چاڈ میں ہی اپنی ابتدائی تعلیم مکمل کی اور پھر پیرس کے تعلیمی ادارے انالکو میں 1972ء میں اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔
چاڈ کی وزارتِ خارجہ میں حسین ابراہیم طٰہٰ نے اپنا سیاسی کیرئیر 1979ء میں شروع کیا اور معاشی و بین الاقوامی تعلقات کے ڈائریکٹوریٹ کے سربراہ رہے۔ سن 1990ء میں انہیں سعودی عرب میں چاڈ کے سفارتخانے کا انڈر سیکریٹری بنایا گیا۔
سن 2001ء میں حسین ابراہیم طٰہٰ تائیوان میں چاڈ کے سفیر مقرر ہوئے اور پھر فرانس، اسپین، پرتگال اور یونان میں بھی اپنے ملک کی طرف سے سفیر مقرر ہوئے۔
بعد ازاں 2017ء میں حسین ابراہیم طٰہٰ چاڈ کے وزیرِ خارجہ و بین الاقوامی تعاون مقرر ہوئے۔ سن 2019ء میں انہیں صدر کا مشیر بنا دیا گیا۔
پاکستان کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور دیگر مسلم ممالک نے بھی حیسن ابراہیم طٰہٰ کو او آئی سی کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلامی تعاون کی تنظیم، پاکستان اور مسئلۂ کشمیر